بہاولپور (نیوز ڈیسک)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب احمد کی ہدایت پر عباسیہ سب ڈویژن کے جھنگی والا اور آزادی فیڈرز کے علاقوں میں مستقل نادہندگان کے خلاف کارروائی کی گئی۔کارروائی کے دوران عدم ادائیگی پر 4 سولر انورٹرز اتار لیے گئے۔
ریکوری آپریشن کے دوران دو صارفین نے میپکو ٹیم کے ساتھ بدتمیزی، گالم گلوچ اور ہاتھا پائی کی کوشش کی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد نے زبردستی اپنے سولر انورٹر واپس لے لیے اور سرکاری کارروائی میں مزاحمت کی۔
ایس ڈی او میپکو عباسیہ سب ڈویژن نے کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے پر متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔