بہاولپور (نیوز ڈیسک) پنجاب کونسل آف دی آرٹس، بہاولپور ڈویژن کے زیر اہتمام جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے قرآنی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ نمائش میں ماہر خطاط صہیب احمد سعید، نفیس احمد، شکیل گل اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین کی طالبات کے تخلیق کردہ خوبصورت اور دیدہ زیب فن پارے پیش کیے گئے۔
تقریب میں چیئرمین میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عدنان ملک، سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رانا شہزاد، سینئر خطاط محمد افضل جہانگیر، مشتاق شاہین، آرٹسٹ کمیونٹی، سول سوسائٹی کے اراکین اور طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء اور فن سے وابستہ افراد نے قرآنی آیات کو مختلف خطاطی کے انداز میں پیش کرنے والے فنکاروں کی فنی صلاحیتوں کو بے حد سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر ناصر حمید نے کہا کہ قرآنی فن خطاطی، قرآنِ کریم کی آیات کو جمالیاتی انداز میں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ دلوں میں قرآنِ پاک سے محبت اور وابستگی کو بھی فروغ دیتی ہے۔