اسٹیبلشمنٹ کسی ہارے ہوئے گھوڑے یا مردہ لاش پر کبھی اپنی انویسٹ نہیں کرتی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ لندن پلان جان بچاؤ پلان ہے۔ جس کا مقصد عوام سے اپنی جان، مال اور حکومت بچانا ہے۔ سندھ کی تقسیم کا کوئی بل ابھی سامنے آیا نہیں لیکن پی پی پی نے سنا، دیکھا اور ماحول بنانا اور شور مچانا شروع کر دیا ہے۔ ہم بہاولپور اور ہزارہ صوبہ بنائیں گے۔ دیکھتے ہیں ہمیں کون روکتا ہے، جس کی منظوری خود انہوں نے دی ہوئی ہے۔ ووٹ بینک نہ ہونے کی وجہ سے پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) میں الیکٹ ایبلز کی کوئی دلچسپی اور کشش نہیں رہی۔ الیکشن سے پہلے ووٹ بینک تو رہا نہیں تھا، اب سپورٹ بینک بھی ختم ہو گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے ڈائریکشن بدل لی ہے، وہ اب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں نکلے گی، پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف اور صوبوں کی حمایت میں نکلے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال سے یہی کہہ رہا تھا۔ پی ٹی آئی جنگی مشین نہیں، وہ تصادم چھوڑ کر سیاست کرے، حکومت کے خلاف بولے، اسے سیاسی شیئر بھی ملے گا۔ یہ بات اب پی ٹی آئی کو سمجھ آگئی ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی ہے۔ پی ٹی آئی نے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کا طے کر لیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) والے اب جتنی مرضی کوشش کر لیں، اب پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں نکلے گی۔
لندن پلان جان بچاؤ پلان کا مقصد جان، مال اور حکومت بچانا ہے
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ عوام کے ووٹ بینک کے دباؤ کی وجہ سے کہیں نہیں جا سکے، جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے پاس اپنے الیکٹ ایبلز کو دینے کے لیے کچھ نہیں۔ نہ یہ معیشت ٹھیک کر سکے اور عوام کو کچھ ڈلیور کر سکے۔ نہ عوام اِن کے ساتھ ہیں۔ اب اسٹیبلشمنٹ بھی اِن کے ساتھ نہیں رہتی تو یہ آئندہ کا الیکشن جیت نہیں سکتے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ مڈل اور لوئر مڈل کلاس پر مبنی ہوتی ہے، عوام بھی مڈل اور لوئر مڈل کلاس ہوتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی اشرافیہ کی نمائندہ جماعتیں بن چکی ہیں۔ ان کے جہازوں کے پٹرول چلتے رہے لیکن موٹر سائیکل کا پٹرول مہنگا کر دیا۔ ان کے علاج بیرون ملک ہوتے ہیں اور معصوم بچے۔ ان جماعتوں کا عوام اور نوجوانوں کے ساتھ کوئی رابطہ اور تعلق برقرار نہیں رہا۔ یہ عدم تعلق نوشتہ دیوار ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کسی ہارے ہوئے گھوڑے یا مردہ لاش پر کبھی اپنی انویسٹ نہیں کرتی۔
مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی اشرافیہ کی نمائندہ جماعتیں بن چکی ہیں
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ نظام کولیپس کر گیا ہے لیکن کولیپس کرانے والے امیر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے دبئی میں پیسہ لگایا، وہ بیٹھ گیا، اب لندن چلے گئے، اللہ لندن پر رحم کرے۔ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت ایک بوجھ اور لائیبیلیٹی بن چکی ہے۔
مولانا فضل الرحمن کے اپوزیشن کے ساتھ ملنے کے سوال پر سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے کہا کہ مولانا کے ہونے سے زیادہ دیکھنے والی بات ہے کہ کیا پی ٹی آئی کمرے کے باہر مولانا کے ساتھ ہوگی؟
نظام کولیپس کرگیا ہے لیکن کولیپس کرانے والے امیر ہوگئے ہیں
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ صورتحال بڑی دلچسپ ہو گئی ہے کیونکہ سیاستدان میدان میں کھیل رہے ہیں۔ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) چاہتے ہیں کہ عوام کی مقبولیت بحال ہو سکے اور اقتدار بھی بچ جائے۔ تیسرا ہدف اُن کا یہ ہے کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے لڑتی رہے۔ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی بقا اسی میں ہے کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے لڑتی رہے۔ پی ٹی آئی نے یہ بات سمجھ لی ہے، اب پی ٹی آئی اس سازش کا شکار نہیں ہوگی اور وہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف باہر نہیں نکلے گی۔ حکومت کے خلاف نکلیں گے، صوبے کے حق میں نکلے گی، پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف نکلے گی۔ میری دانست میں پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) دِل سے آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔