بہاول پور (نیوز ڈیسک) صوبائی خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق خواتین کے حقوق اور انہیں انصاف کی فراہمی کو قانونی تحفظ حاصل ہے، کام کی جگہ خواتین کو ہراساں کرنا قابلِ سزا جرم ہے اور خواتین کو محفوظ و سازگار ماحول فراہم کرنا ہر ادارے کی ذمہ داری ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں خواتین کے حقوق اور کام کی جگہ خواتین کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں صوبائی خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
سیمینار میں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، یونیورسٹی سینٹر برائے انسدادِ ہراسانی و امتیازی سلوک کی چیئرپرسن و کمیٹی ممبران، سینئر اساتذہ، افسران اور ضلعی محکموں سے وابستہ افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے کہ خواتین کو ان کے حقوق ان کے گھر کی دہلیز پر ملیں۔ خواتین کو ہراساں کرنا جرم ہے اور صوبائی محتسب کا ادارہ خواتین کے تحفظ اور انہیں فوری ریلیف کی فراہمی کیلئے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ہو یا نجی، ہر ادارے میں انسدادِ ہراسانی کمیٹی کا قیام لازمی ہے۔ ہر کمیٹی تین افراد پر مشتمل ہوتی ہے اور ہراسانی کی شکایت پر مرد یا خاتون اس کمیٹی سے رجوع کر سکتے ہیں۔ خواتین کو کام کرنے کیلئے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے، اداروں میں ضابطہ اخلاق اور انکوائری کمیٹیوں کا قیام یقینی بنایا جائے جبکہ ضابطہ اخلاق کو کام کی جگہ پر نمایاں طور پر آویزاں کرنا بھی ضروری ہے۔
ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے کہا کہ ہراسانی صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے، جس کی روک تھام کیلئے صوبہ بھر میں آگاہی سیمینار منعقد کیے جا رہے ہیں اور اداروں میں قائم کمیٹیوں کی تربیت بھی کی جا رہی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کا تصور اسلام نے چودہ سو برس قبل ہی پیش کر دیا تھا۔ انہوں نے خواتین کے تحفظ کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ہراسانی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی نافذ ہے اور کسی بھی استاد، طالب علم یا طالبہ کو شکایت ہو تو ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں انسدادِ ہراسانی و امتیازی سلوک مرکز اور کمیٹی قائم ہے، جہاں موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔
سٹاف آفیسر حافظ فاروق انور نے شرکاء کو ضابطہ اخلاق کے حوالے سے آگاہی فراہم کی، جبکہ محسن مجید، لاء آفیسر وفاقی محتسب ریجنل آفس بہاول پور نے انسدادِ ہراسانی ایکٹ 2010 اور ترمیم شدہ 2012 کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ سیمینار میں خواتین کے حقوق، کام کی جگہ پر تحفظ، قانونی چارہ جوئی اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔