بہاولپور (نیوز ڈیسک) جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 کے ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے اور کسی امیدوار کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بات جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے امیر سید ذیشان اختر نے بہاولپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ضلعی امیر جماعت اسلامی بہاولپور نصراللہ خان ناصر، کسان بورڈ پاکستان کے چیئرمین جام حضور بخش لاڑ، امیر شہر حسیب مقصود، نائب امیر ضلع عبدالجلیل ہاشمی اور زید منور بھی موجود تھے۔
سید ذیشان اختر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فارم 47 کے تحت وجود میں آنے والی عوام دشمن حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف تحریک شروع کر رکھی ہے اور موجودہ انتخابی نظام کا حصہ بننا اس بوسیدہ نظام کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار حمایت کے لیے جماعت اسلامی سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، تاہم جماعت اسلامی کسی بھی امیدوار کی حمایت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی اور عوامی مسائل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں گورنر ہاؤسز کے باہر احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔
سید ذیشان اختر نے کہا کہ 3 ستمبر کو ملک بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی، اس کے بعد پہیہ جام کی کال دی جائے گی اور تحریک کے آخری مرحلے میں اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔ تحریک کے آئندہ مرحلے میں ملک کے ہر بڑے شہر میں جلسے اور دھرنے بھی منعقد کیے جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب نے کہا کہ حکومت عوام سے پٹرولیم مصنوعات پر 130 روپے فی لیٹر تک پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز وصول کر رہی ہے، جس کا براہِ راست بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے۔ عوام کو ہر معاملے میں آئی ایم ایف کی مجبوریوں کا حوالہ دیا جاتا ہے، لیکن حکمران اپنے لیے اربوں روپے کے جہاز اور سرکاری افسران و بیوروکریٹس کے لیے کروڑوں روپے کی مہنگی گاڑیاں خریدتے وقت آئی ایم ایف کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کو چلانے والوں نے خود اعتراف کیا ہے کہ نظام بوسیدہ ہو چکا ہے۔ پمز کا حادثہ بھی اسی کھوکھلے اور بوسیدہ نظام کی ناکامی کا ایک اور ثبوت ہے۔سید ذیشان اختر نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک مرحلہ وار آگے بڑھے گی اور عوام کے حقوق، مہنگائی کے خاتمے اور شفاف و عوام دوست نظام کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
جماعت اسلامی بہاولپور کے ضلعی امیر نصراللہ خان ناصر نے کہا کہ این اے 168 کے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ صوبائی اور پارلیمانی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی انتخابات میں کسی امیدوار کی حمایت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حلقے کی نشست پہلے بھی متنازع رہی ہے اور معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ گزشتہ انتخابات میں جماعت اسلامی بہاولپور شہر بھر میں تیسرے نمبر پر رہی، تاہم موجودہ انتخابی عمل میں شفافیت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔
نصراللہ خان ناصر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ انتخابی عمل کا حصہ بن کر اپنے ووٹ کی توہین نہ کریں اور ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کریں۔