بہاولپور (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو کامیاب کرانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس بات کا اعلان چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے فرزند اور پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی علی حیدر گیلانی نے بہاولپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور مقامی رہنماؤں چوہدری سعود مجید، ملک منیر چنڑ، چوہدری سعد مسعود اور ملک اعجاز چنڑ سمیت پیپلز پارٹی کے رہنماؤں عبدالقادر شاہین، رضوان عالم، شاہ رخ ملک سمیت دونوں جماعتوں کے کارکن موجود تھے۔
علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر بہاولپور آئے ہیں اور قیادت کے فیصلے کے مطابق 27 ستمبر کو ہونے والے این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کی اتحادی ہے اور حکومت سازی کے وقت سے یہ فارمولا طے شدہ ہے کہ ضمنی الیکشن میں رنر اَپ پارٹی حمایت کرے گی۔ علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ بہاولپور میں ہونے والے ضمنی الیکشن کا کشمیر الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
نئے صوبوں کے حوالے سے علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ انتظامی صوبوں کے خلاف ہیں، کیونکہ انتظامی صوبے گڈ گورننس کا کوئی جواز نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے نام پر لولی پاپ دے کر نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی نے بطور وزیراعظم 2010ء میں اسمبلی میں سرائیکی صوبے کی بات کی تھی اور اس حوالے سے قومی اسمبلی میں دو تہائی آئینی بل بھی منظور ہوا، تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی ہوئی، تاہم اس صوبے کا دارالحکومت بہاولپور میں ہوگا یا ملتان میں، اس پر اتفاق رائے سے فیصلہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام بہاولپور صوبے کی بحالی چاہتے ہیں تو ہمیں دور کیوں رکھتے ہیں، ہمیں بھی اپنے ساتھ رکھ لیں، ہماری جان تو تخت لاہور سے چھڑوا دیں۔انہوں نے کہا کہ ملک اقبال چنڑ مرحوم ہمارے بزرگ تھے، ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔