بہاولپور(نیوزڈیسک)تحصیل احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقہ اوچ شریف کے موضع بیٹ بختیاری میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے طیش میں آ کر چھری کے وار کر کے اپنی 6 سالہ کمسن بیٹی کو قتل جبکہ بیوی کو شدید زخمی کر دیا، بعد ازاں ملزم نے اپنی گردن پر بھی چھری سے وار کر کے خودکشی کی کوشش کی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 25 سالہ یونس ولد وزیر کا اپنی 24 سالہ اہلیہ ندیم بی بی سے جھگڑا ہوا، جس پر ملزم نے غصے میں آ کر بیوی کے سر پر چھریوں سے پے درپے وار کیے اور اپنی 6 سالہ کمسن بیٹی نصرت کی گردن پر چھری پھیر دی۔ گردن پر گہرا زخم آنے کے باعث کمسن نصرت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، جبکہ ملزم نے واردات کے بعد اپنی گردن پر بھی چھری سے وار کر کے خود کو شدید زخمی کر لیا۔
واقعے کے بعد زخمی خاتون ندیم بی بی اور مقتولہ بچی کی لاش کو پرائیویٹ سواری کے ذریعے رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف پہنچایا گیا، جبکہ ریسکیو 1122 کے عملے نے زخمی ملزم یونس کو راستے سے تحویل میں لے کر آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کر دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی میاں بیوی دونوں کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔