بہاولپور صوبہ میری بڑی سیاسی مجبوری ہے،شدیدمخالف جماعت کے پاس بھی جانا پڑا تو پیچھے نہیں ہٹوں گا
بہاول پور (نیوز ڈیسک) رکن قومی اسمبلی چوہدری طارق بشیر چیمہ نے بہاولپور صوبہ بحالی کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہاولپور صوبہ نوجوانوں اور آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ بہاولپور صوبہ اس وقت میری سب سے بڑی سیاسی مجبوری ہے اور اس مقصد کے لیے مجھے جس حد تک حتیٰ کہ شدید مخالف جماعت کے پاس بھی جانا پڑا تو میں پیچھے نہیں ہٹوں گا اور بہاولپور صوبے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔ بہاولپور کی تعمیر و ترقی، تاجر و صنعتکار برادری کے مفادات اور شہر کے باوقار مستقبل کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں جاری رکھوں گا۔
بہاولپور چیمبر آف کامرس کے سالانہ انتخابات کے حوالے سے اتحاد گروپ کی جانب سے منعقدہ مشاورتی اجلاس میں صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ بہاولپور کی آئندہ نسلوں کے لیے ہمیں کوئی ایسا راستہ ضرور نکالنا ہوگا جو ان کے مستقبل کو محفوظ اور روشن بنا سکے۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبہ بحالی کی تحریک ایک طویل جدوجہد اور قربانیوں کی تاریخ رکھتی ہے ، 1970ء میں صوبہ بحالی کی تحریک کے دوران لوگوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نظام الدین حیدر مرحوم اور مخدوم نور محمد ہاشمی نے 1973ء کے آئین پر اس لیے دستخط نہیں کیے تھے کہ بہاولپور صوبہ بحال کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ، خدا کرے کہ دوسروں کو بھی اس مسئلے کی اہمیت کا احساس ہو۔انہوں نے کہا کہ جو کام عزت اور باہمی اتفاق سے کیا جا سکتا ہے، اسے ڈنڈے سے کرنے بجائے عزت اور باوقارسے کرلینا چاہیے۔
چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ عوام مہنگائی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں اور ان کی چیخیں نکل رہی ہیں ۔ تمام سیاسی جماعتوں ، بشمول حکومت کو چاہیے کہ وہ سر جوڑ کر مل بیٹھیں اور عوامی مسائل کے ساتھ صوبوں کے قیام جیسے اہم معاملات کا بھی راستہ نکالیں ۔انہوں نے سید ظفر شریف کی قیادت میں چیمبر آف کامرس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں چیمبر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ مجھے کئی مرتبہ چیمبر مدعو کیا گیا لیکن میں کبھی چیمبر نہیں گیا کیونکہ میرا چیمبر آف کامرس سے کوئی براہ راست واسطہ نہیں ، البتہ بہاولپور کی تعمیر و ترقی اور شہر کی عزت و وقار کے لیے اپنا بھرپور حصہ ڈالنا اپنا فرض سمجھتے ہوں ۔
انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کا ساتھ ہو تو کوئی چیمبر آف کامرس کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ہم جو کہیں گے اسے پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں میں کاروباری افراد کو سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات دلانے کے لیے چیمبر آف کامرس میں اسپیشل فسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں نادرا، ایکسائز اور پاسپورٹ،پولیس خدمت مرکز، ڈرائیونگ لائسنس اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔
چوہدری طارق بشیر چیمہ نے بہاولنگر، ہارون آباد، حاصل پور اور احمد پور شرقیہ سمیت مختلف علاقوں سے آنیوالی کاروباری شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ چیمبر آف کامرس کی بہتری اور کاروباری برادری کے مفاد کے لیے اتحاد کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد گروپ مل کر چیمبر کی بہتری کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ مخالف گروپ کو گزشتہ سال بھی انہیں امیدوار نہیں ملے تھے اور اس سال بھی امیدوار تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ جو افراد چیمبر آف کامرس کے انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ اپنی درخواستیں جمع کروائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں چیمبر آف کامرس کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے انٹرویوز کیے جاتے تھے ، تاہم اب یہ عمل اسی ایوان میں لایا گیا ہے تاکہ ممبران اپنی رائے سے فیصلہ کریں ۔ انہوں نے تمام ممبران سے اپیل کی کہ وہ پورے گروپ کو ووٹ دیں تاکہ چیمبر کی مضبوط اور مؤثر قیادت کا تسلسل برقرار رہے۔