بہاولپور (نیوز ڈیسک) پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور ڈویژن کے زیر اہتمام عشقِ رسول ﷺ سے معمور ایک بابرکت، روح پرور اور پرنور نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا، جس میں معروف شعرائے کرام دیوانہ بلوچ، عمر گھوٹیہ، خالد محبوب، پروفیسر ڈاکٹر افتخار، پروفیسر ڈاکٹر مظہر، اشرف خان سوہنا، طاہر حفیظ گھوٹیہ، حسن فرید، ناصر سیال، عمران علی اعوان اور سید عمار علی زیدی نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت معروف نعت گو شاعر خورشید ناظر نے کی جبکہ نقابت کے فرائض راجہ شفقت محمود نے ادا کیے۔ اس موقع پر ڈویژنل میلاد کمیٹی کے اراکین اور معززین شہر کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
شعرائے کرام نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کرتے ہوئے خوبصورت نعتیہ کلام پیش کیا۔ محفل میں عشقِ رسول ﷺ اور محبتِ مصطفی ﷺ کی کیفیت نمایاں رہی جبکہ شرکاء نے نعتیہ کلام کو بھرپور عقیدت و احترام سے سنا۔
اس روحانی و بابرکت محفل کا مقصد نعتیہ ادب کے فروغ کے ساتھ ساتھ عشقِ رسول ﷺ کے جذبے کو اجاگر کرنا اور نئی نسل کو اسلامی و تہذیبی اقدار سے روشناس کرانا تھا۔
ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور ڈویژن نے تمام شرکاء اور شعرائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔ ممبر ڈویژنل امن و محفل میلاد کمیٹی بہاولپور علامہ عبدالرزاق شائق نے مشاعرے کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، خوشحالی اور امن و استحکام کے لیے دعا کرائی۔