بہاولپور(نیوز ڈیسک) محسنِ پاکستان نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی 60ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر مقررین نے قیامِ پاکستان سے استحکامِ پاکستان تک نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی بے مثال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کا یومِ وفات سرکاری سطح پر منایا جائے، ملک بھر میں سرکاری تعطیل دی جائے اور ان کی قومی خدمات کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔
برسی کے سلسلہ میں بہاولپور جم خانہ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز راجہ شفقت محمود کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ عبدالجلیل ہاشمی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے امیر سید ذیشان اختر نے کہا کہ نواب آف بہاولپور کی قیامِ پاکستان اور استحکامِ پاکستان کیلئے دی گئی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے بہاولپور صوبہ بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی تعلیمی، سماجی اور فلاحی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور انہیں قومی نصاب میں شامل کیا جانا چاہیے۔
مرکزی چیئرمین تحریک صوبہ بہاولپور جام حضور بخش لاڑ نے کہا کہ بہاولپور صوبہ عوام کا آئینی اور اخلاقی حق ہے اور اس کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ سابق صدر پریس کلب نصیر احمد ناصر نے کہا کہ نواب سر صادق سچے مسلمان اور مسلمانانِ ہند کے عظیم محسن تھے۔
صاحبزادہ عاصم عباسی نے ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہی قبرستان میں ہونے والی گارڈ آف آنر تقریب کو سرکاری سطح پر بھرپور انداز میں منعقد ہونا چاہیے۔ سردار نجیب اللہ نے کہا کہ نواب صاحب کی قربانیوں کی بدولت پاکستان مستحکم ہوا۔
تقریب سے چیئرپرسن تحریک بحالی صوبہ بہاولپور شازیہ نورین خان، نسرین انور، میاں شمس الرحمن، محمد اکرم انصاری، جنید نذیر ناز، سابق ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، سرفراز ناظم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم نے تحریکِ پاکستان کے دوران قائداعظم محمد علی جناح کی مالی معاونت سمیت بے مثال خدمات انجام دیں اور ریاست بہاولپور کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا۔
مقررین نے کہا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم ایک مدبر، دور اندیش اور عوام دوست حکمران تھے جنہوں نے تعلیم، صحت، زراعت، سڑکوں اور فلاحی منصوبوں کے قیام میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ریاست بہاولپور اور نواب آف بہاولپور کی قربانیوں سے آگاہ کرنے کیلئے نصاب مرتب کیا جانا چاہیے۔
بعدازاں قلعہ دراوڑ کے تاریخی شاہی قبرستان میں گارڈ آف آنر کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کے مزار پر فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ شرکاء نے محسنِ پاکستان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔