لیہ (نیوز ڈیسک)ایس ڈی ای او پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) ام حبیبہ قریشی نے اوورچارجنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لیہ میں مختلف ایل پی جی پلانٹس کا معائنہ کیا اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے پر سخت ایکشن لیا۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر کی ہدایت پر ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے۔
معائنے کے دوران مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے پر تین ایل پی جی پلانٹس کو موقع پر سیل کر دیا گیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی۔ اس موقع پر ایس ڈی ای او پیرا ام حبیبہ قریشی نے کہا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اوورچارجنگ، ناجائز منافع خوری اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور مارکیٹوں میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے انسپکشنز اور کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔