بہاولپور (نیوز ڈیسک) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے زیر اہتمام پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کی تربیت کے لیے ایک روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد قومی شاہراہوں پر سفر کو محفوظ بنانا، حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لانا اور پبلک سروس وہیکل (PSV) ڈرائیورز میں روڈ سیفٹی کلچر کو فروغ دینا تھا تاکہ انہیں دورانِ سفر مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے جدید اصولوں سے آگاہ کیا جا سکے۔
سیمینار کی صدارت ایس پی سیکٹر کمانڈر C-II ملتان محمد کاشف رحیم نے کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر خالد حسین شہزاد، ایم ای یو انچارج عامر شہزاد خان اور مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں بشمول ڈائیوو، فیصل موورز، راجپوت اور اسکائی ویز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ شاہراہوں پر تیز رفتاری، غیر ضروری اوور ٹیکنگ اور دیگر خطرناک ڈرائیونگ عادات سے اجتناب کیا جائے۔
اپنے خطاب میں ایس پی سیکٹر کمانڈر محمد کاشف رحیم نے ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنے ڈرائیورز کی باقاعدہ میڈیکل اور نفسیاتی اسکریننگ کو یقینی بنائیں جبکہ ڈرائیور حضرات جدید حفاظتی آلات کے استعمال اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیورز پر سینکڑوں مسافروں کی جانوں کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور موٹروے پولیس کا مقصد صرف چالان کرنا نہیں بلکہ ایسا حفاظتی کلچر فروغ دینا ہے جس میں ڈرائیور اپنی اور مسافروں کی سلامتی کو اخلاقی ذمہ داری سمجھیں۔
ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی انتظامیہ نے یقین دلایا کہ وہ موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر روڈ سیفٹی کے اصولوں کو فروغ دینے میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر خالد حسین شہزاد نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے تربیتی سیشنز کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ شاہراہوں کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔ سیمینار کے اختتام پر تمام شرکاء نے موٹروے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔