بہاولپور(نیوز ڈیسک) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) غازی محمد صلاح الدین نے تھانہ صدر یزمان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں نے اپنے مسائل، شکایات پیش کیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور رانا عبدالوہاب، ایس ڈی پی او سرکل یزمان اور سرکل کے تمام ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔
آر پی او نے شہریوں کی درخواستیں اور شکایات تفصیل سے سنیں اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی میرٹ کے مطابق فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
بعد ازاں آر پی او بہاولپور نے تھانہ صدر یزمان اور ایس ڈی پی او آفس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ریکارڈ، فرنٹ ڈیسک، حوالات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔
ایس ڈی پی او آفس یزمان میں منعقدہ اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، زیرِ تفتیش مقدمات، اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف کارروائیوں، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر آر پی او غازی محمد صلاح الدین نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، قانون کے یکساں نفاذ اور میرٹ پر مبنی پولیسنگ کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔