لیہ (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پریزنز ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جیل میں قید افراد کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، علاج معالجہ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور درپیش طبی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام اہم ایجنڈا نکات کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، سپرنٹنڈنٹ جیل کامران حیدر اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں جیل ہسپتال کے بحالی مرکز کو بجلی کی فراہمی کے لیے فور کور الیکٹرک وائر، ہیپاٹائٹس بی اور سی کی اسکریننگ کٹس، ماہر معالجین کی تجویز کردہ ادویات کی مقامی خریداری، جنرل وارڈ کے لیے ایئر کنڈیشنر، ڈیوٹی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری، وہیل چیئر اور سٹریچر کی فراہمی، جبکہ جنرل، امراضِ قلب اور نفسیاتی امراض کی ادویات کی بلا تعطل دستیابی سمیت متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ جیلوں میں قید افراد کو صحت کی بنیادی اور معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منظور شدہ تمام اقدامات پر مقررہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ قیدیوں کو بروقت، مؤثر اور معیاری طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔