بہاولپور (نیوز ڈیسک) چیئرمین شعبہ سرائیکی گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاولپور اور نامور سرائیکی ادیب ڈاکٹر عصمت اللہ شاہ نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران سے ملاقات کی اور اسلامیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام شائع ہونے والی اپنی کتاب "رنگِ فرید” انہیں پیش کی۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے ڈاکٹر عصمت اللہ شاہ کو کتاب کی اشاعت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عظیم صوفی شاعر حضرت خواجہ غلام فریدؒ کا پیغام محبت، امن، احترامِ انسانیت اور وحدتِ وجود پر مبنی ہے، جسے آج کے دور میں عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے "رنگِ فرید” کی اشاعت کا مقصد بھی حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے افکار اور امن و محبت کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانا ہے۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ مستقبل میں فرید چیئر کے زیر اہتمام حضرت خواجہ غلام فریدؒ کی شاعری، فکر اور تعلیمات کے حوالے سے سیمینارز اور علمی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ صوفیانہ افکار کے فروغ کو مزید تقویت مل سکے۔
ڈاکٹر عصمت اللہ شاہ نے اس موقع پر کہا کہ فرید چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور فکرِ فرید کی ترویج کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے، جسے دوبارہ بھرپور انداز میں فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کتاب "رنگِ فرید” کی اشاعت پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ایک صدی پر محیط تاریخی، علمی اور تہذیبی ورثے کی حامل عظیم درسگاہ ہے، جو پورے سرائیکی وسیب سمیت ملک بھر کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم فراہم کر رہی ہے۔
بعد ازاں ڈاکٹر عصمت اللہ شاہ نے رجسٹرار محمد شجیع الرحمان سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنی کتاب "رنگِ فرید” پیش کی۔ رجسٹرار نے کتاب کی اشاعت پر مبارکباد دیتے ہوئے حضرت خواجہ غلام فریدؒ کی فکر و فلسفے کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کے زیر اہتمام مزید سیمینارز اور علمی سرگرمیوں کے انعقاد پر زور دیا۔
اس موقع پر فکرِ فرید فورم بہاولپور کے روحِ رواں اور ممبر فرید چیئر صاحبزادہ صمد یار عباسی، لیکچرار شعبہ سرائیکی و ممبر فرید چیئر اطہر محمود لاشاری اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد بھی موجود تھے