لودھراں (نیوز ڈیسک) اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد مدثر نے کہا ہے کہ نکاح نامہ ایک حساس اور انتہائی اہم قانونی دستاویز ہے، اس لیے نکاح رجسٹرارز حکومتی احکامات اور مقررہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ وہ نکاح رجسٹرارز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری یونین کونسل رحیم بخش اور دیگر متعلقہ سٹاف بھی موجود تھا۔
محمد مدثر نے کہا کہ شادی کے انعقاد اور نکاح کے اندراج میں نکاح رجسٹرار کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، کیونکہ نکاح نامہ مستقبل میں میاں بیوی کے حقوق، خاندانی معاملات اور قانونی معاملات میں بنیادی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لیے اندراج میں کسی قسم کی غفلت یا غلطی سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نکاح کے لیے لڑکے اور لڑکی کی عمر 18 سال ہونا ضروری ہے۔ نکاح نامہ میں تمام شرائط واضح اور مکمل طور پر درج کی جائیں جبکہ ہر شرط کے سامنے دولہا کے دستخط یا نشانِ انگوٹھا ضرور حاصل کیا جائے تاکہ بعد ازاں کسی تنازع سے بچا جا سکے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ طلاق یافتہ خاتون کے دوبارہ نکاح کی صورت میں، چاہے طلاق نامہ عدالتی ہو یا گھریلو، یونین کونسل کی مصالحتی کمیٹی کا تصدیقی سرٹیفکیٹ ضروری ہوگا، جس کی فوٹو کاپی نکاح رجسٹر کے صفحہ اول کے ساتھ منسلک کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نکاح رجسٹرارز نکاح کے اندراج، ریکارڈ کی حفاظت اور تمام قانونی تقاضوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ کسی بھی قسم کی کانٹ چھانٹ، غلط اندراج یا ریکارڈ میں تبدیلی سے گریز کیا جائے، کیونکہ نکاح نامہ ایک اہم سرکاری ریکارڈ تصور ہوتا ہے۔
اجلاس کے دوران نکاح رجسٹرارز نے مختلف امور سے متعلق سوالات کیے، جن کے محمد مدثر نے جوابات دیے اور انہیں ہدایات جاری کیں کہ وہ ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔