لیہ (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن جاوید بھٹی کی زیر قیادت محرم الحرام کے سلسلے میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ فلیگ مارچ سپورٹس کمپلیکس سے شروع ہو کر کشمیر چوک، لیہ مائنر، اسلم موڑ، کوٹلہ حاجی شاہ اور کھر چوک سمیت مختلف شاہراہوں سے گزرا۔
فلیگ مارچ میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں میں احساسِ تحفظ کو فروغ دینا، بین المسالک ہم آہنگی کو مضبوط بنانا اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کا اظہار کرنا تھا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں امن، برداشت، بھائی چارے اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، عزاداروں کے تحفظ اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مذہبی رواداری، بھائی چارے اور قانون کی پاسداری کو فروغ دیتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن جاوید بھٹی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ مجالس اور جلوسوں کی کڑی نگرانی کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہے ہیں تاکہ ضلع میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔