بہاولپور (نیوز ڈیسک) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز (FCBS) کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا اہتمام فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم نے کیا۔
وائس چانسلر نے بائیو کیمسٹری، مالیکیولر بائیولوجی، بائیو انفارمیٹکس، بائیوٹیکنالوجی، باٹنی، انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری اور زوالوجی کے شعبہ جات میں قائم جدید ترین لیبارٹریوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تحقیقی آلات میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے جاری ایم فل اور پی ایچ ڈی تحقیقی منصوبوں اور انڈر گریجویٹ طلبہ و طالبات کے لیے دستیاب عملی سہولیات کو سراہا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اکیڈمیا اور صنعت کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے، تحقیق کی تجارتی بنیادوں پر ترویج (ریسرچ کمرشلائزیشن) اور سوشل میڈیا آؤٹ ریچ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ لائف سائنسز قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور صحت، زراعت، ماحولیات اور صنعت کے شعبوں میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں قائم میٹریل کیمسٹری لیب کی جدید سہولیات اور بین الاقوامی معیار کو سراہتے ہوئے لیبارٹریوں کو مزید جدید بنانے، قومی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اداروں کے ساتھ نئے معاہدے کرنے اور فیکلٹی کو جنوبی پنجاب میں ایک سنٹر آف ایکسی لینس کے طور پر متعارف کرانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم نے وائس چانسلر کی مسلسل حمایت اور دور اندیش قیادت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وائس چانسلر کو فیکلٹی کی نمایاں کامیابیوں اور FCBS 360° آؤٹ ریچ ٹاسک فورس کے اسٹریٹجک پلان سے آگاہ کیا، جس کا مقصد سال بھر پائیدار برانڈنگ اور مؤثر آؤٹ ریچ کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز، چیئرپرسنز اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔