بہاولپور (نیوز ڈیسک) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے فال داخلہ مہم کی پہلی میرٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد گھوٹوی ہال میں قائم ایڈمیشن سیل کا دورہ کیا اور داخلہ عمل کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر والدین اور طلبہ و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور ملحقہ علاقوں سے بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلے کے لیے رجوع کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ داخلہ مہم کے پہلے مرحلے میں 21 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے ایڈمیشن پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کرائی ہیں، جو یونیورسٹی پر طلبہ کے اعتماد کا مظہر ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ بہاولپور اور دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ و طالبات کی سہولت کے لیے ایئرکنڈیشنڈ ہال میں ایک ہی چھت تلے بائیو میٹرک تصدیق، فوٹو کاپی اور بینکنگ سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ داخلہ عمل کو آسان، شفاف اور تیز بنایا جا سکے۔
دورے کے دوران گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ویمن بہاولپور کی پرنسپل سمیرا صالح اور طالبات بھی ایڈمیشن سیل میں موجود تھیں، جنہیں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے مختلف تعلیمی پروگراموں، داخلہ طریقہ کار اور دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر رجسٹرار محمد شجیع الرحمن، انچارج ایڈمیشن سیل ڈاکٹر بدر حبیب، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد، ڈپٹی رجسٹرار پبلک افیئرز فاطمہ مظاہر اور دیگر متعلقہ افسران و سٹاف بھی موجود تھے۔