بہاولپور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے متعلق عوامی آگاہی اور اکیڈیمیا، حکومتی و نجی اداروں کے درمیان باہمی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے بغداد الجدید کیمپس میں ہیٹ سیفٹی آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ کے مہمان خصوصی کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خطے کو شدید موسمی حالات اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس آنے والے سپر فلڈ نے صوبے کو بری طرح متاثر کیا، جبکہ بہاولپور صحرائی خطہ ہونے کی وجہ سے خشک سالی جیسے مسائل سے دوچار رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کی روشنی میں مختلف اداروں اور اکیڈیمیا کے درمیان تعاون خوش آئند ہے، جبکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تحقیق، آگاہی اور پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، فیکلٹی ممبران اور محققین کا شکریہ ادا کیا۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے کہا کہ ہیٹ ویو سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم جاری ہے اور حکومت اس حوالے سے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا تعاون اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اس نوعیت کی ورکشاپس کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے۔
ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے محققین قدرتی، اطلاقی اور سماجی علوم کے شعبوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق تحقیق اور آگاہی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون پر ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
ورکشاپ سے بین الاقوامی ماہرین پروفیسر ڈاکٹر رتن لال (اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی، امریکا) اور پروفیسر ڈاکٹر شوکیانگ کانگ (یانگزی یونیورسٹی، ووہان، چین) نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی، ہیٹ ویو اور زرعی شعبے پر اس کے اثرات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر سربراہ شعبہ پبلک ہیلتھ ڈاکٹر نعیم عاصم نے صحت عامہ اور ہیٹ ویو، ڈاکٹر عاصمہ مجید نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں ہیٹ ویو، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر ثمر فہد نے ہیٹ ویو کے انسانی نفسیات پر مرتب ہونے والے اثرات پر تفصیلی لیکچرز دیے۔ ورکشاپ کی نظامت ڈاکٹر محمد عبداللہ نے انجام دی۔
ورکشاپ کے انعقاد میں فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر مکشوف احمد جبکہ ڈاکٹر ابو بکر ڈار، ڈاکٹر علی اور حافظ مرجان حیدر نے معاونت اور کوآرڈینیشن کے فرائض سرانجام دیے۔
تقریب میں ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم، رجسٹرار محمد شجیع الرحمن، اے ڈی سی جی ڈاکٹر عائشہ خان، اسسٹنٹ کمشنر حمزہ احتشام، ڈائریکٹر ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر نوید اسلم ملغانی، ڈائریکٹر کوالٹی انہاسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر اسد اللہ مدنی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فارسٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد رافع، چیئرمین شعبہ ایگرانومی ڈاکٹر عون سمر، اسٹیٹ کیئر پرنسپل آفیسر ڈاکٹر عامر منظور، ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر ڈاکٹر امجد سعید، فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔