بہاولپور (نیوز ڈیسک) واسا کی جانب سے بھیجے جانے والے بھاری بھرکم بل شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گئے ہیں۔ کھوکھا مارکیٹ میں کرائے کی دکان پر مرغی اور انڈے فروخت کرنے والے ایک دکاندار کو 3 لاکھ 75 ہزار 263 روپے کا واسا بل موصول ہوا ہے، جبکہ مقررہ تاریخ 15 جولائی 2026ء کے بعد یہ رقم بڑھ کر 3 لاکھ 85 ہزار 270 روپے ہو جائے گی۔
متاثرہ دکاندار نے بتایا کہ وہ اپنی شکایت کے ازالے کے لیے متعدد بار واسا دفتر کے چکر لگا چکا ہے، تاہم تاحال اس کی درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس کا کہنا ہے کہ واسا دفتر میں شکایت درج کرانے کے باوجود مسئلے کے حل کے بجائے اسے سروے کرنے والے اہلکار، آصف نامی شخص، سے رابطہ کرنے کا کہہ کر واپس بھیج دیا جاتا ہے۔
دکاندار کے مطابق اتنی بھاری رقم اس کی مالی استطاعت سے باہر ہے، لہٰذا متعلقہ حکام فوری طور پر بل کی جانچ پڑتال کرکے انصاف فراہم کریں۔
دوسری جانب کھوکھا مارکیٹ سمیت شہر کے دیگر علاقوں کے شہری بھی واسا کے بھاری بلوں پر شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ متعدد صارفین کا مؤقف ہے کہ جن علاقوں میں واسا کی سہولیات مکمل طور پر دستیاب نہیں، وہاں بھی بھاری بل بھیجے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے حکومتِ پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بلنگ نظام کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔