چشتیاں (نیوز ڈیسک)دانش اسکول بوائز چشتیاں کے کلاس نہم کے ہونہار طالب علم محمد حذیفہ مہاروی نے محض 14 برس کی عمر میں "Connecting Ancient History with Modern Geopolitics” کے شعبے میں دنیا کے کم عمر ترین مصنف ہونے کا اعزاز حاصل کرکے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا۔
محمد حذیفہ مہاروی کی تصنیف "Regions and Reigns” جنوبی ایشیا کی قدیم تہذیبوں، تاریخی سلطنتوں اور جدید عالمی جغرافیائی و سیاسی منظرنامے کے باہمی تعلق کو منفرد، تحقیقی اور مؤثر انداز میں پیش کرتی ہے۔ کم عمری میں اس نوعیت کی تحقیقی کتاب کی اشاعت ان کی غیر معمولی ذہانت، وسیع مطالعے، تخلیقی صلاحیتوں اور انتھک محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
محمد حذیفہ مہاروی دانش اسکول بوائز چشتیاں کے ڈپٹی ہیڈ پروفیسر امتیاز رسول مہاروی کے صاحبزادے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے والدین، اساتذہ اور دانش اسکول بوائز چشتیاں بلکہ ضلع بہاول نگر، پنجاب اور پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
تعلیمی حلقوں کے مطابق محمد حذیفہ مہاروی کی یہ نمایاں کامیابی دانش اسکول بوائز چشتیاں میں فروغِ علم، تحقیق، کردار سازی اور معیاری تعلیم کے مثالی ماحول کی عکاس ہے۔ انہوں نے اپنی غیر معمولی علمی صلاحیتوں سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور اگر انہیں مناسب رہنمائی، معیاری تعلیم اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر ہوں تو وہ عالمی سطح پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
مختلف تعلیمی، علمی اور سماجی شخصیات نے محمد حذیفہ مہاروی کو اس شاندار اعزاز پر مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی علمی و تحقیقی خدمات کے ذریعے ملک و قوم کا نام مزید روشن کریں گے۔