لودھراں (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنرمحمد اشرف نے کہا ہے کہ ریونیو امور میں بہتری، عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ”سانجھی سبزی، سستی نہیں مفت سبزی” پروگرام پر مؤثر عملدرآمد ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت ریونیو افسران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پلس پارٹیشن، کھیوٹ، میوٹیشنز، واجبات کی وصولیوں اور دیگر ریونیو امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز فرخ اللہ خان، اصغر اقبال لغاری، ڈپٹی ڈائریکٹر پلرا وسیم عباس، آر او پلس ملک اکبر سمیت ضلع بھر کے ریونیو افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بورڈ آف ریونیو کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے اور زیر التوا ریونیو معاملات کو جلد از جلد نمٹایا جائے تاکہ ضلع کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نادہندگان سے آبیانہ، زرعی انکم ٹیکس، ایف بی آر، تاوان اور دیگر واجبات کی وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ پلس پراجیکٹ کے تحت مشترکہ کھاتوں کی تقسیم کے عمل میں بھی تیزی لائی جائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب کے ”سانجھی سبزی، سستی نہیں مفت سبزی” پروگرام پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ملک محمد ظفر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع لودھراں میں مختلف سرکاری محکموں کی تقریباً 200 کنال فالتو اراضی پر مقامی سبزیوں کی کاشت کی جا رہی ہے، جو سرکاری ملازمین میں مفت تقسیم کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سبزیوں کی کاشت سے متعلق جیو ٹیگ لوکیشنز اور تصاویر شیئر کی جائیں، جبکہ پروگرام کی تشہیر کے لیے نمایاں پینا فلیکس بھی آویزاں کیے جائیں۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اپنے دفتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل بھی سنے اور متعلقہ افسران کو درخواستوں پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام ضلعی افسران عوامی خدمت کے لیے ہر وقت دستیاب ہیں۔