بہاولپور(نیوز ڈیسک) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کے وژن کے مطابق زرعی تحقیق کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے نیشنل کاٹن بریڈنگ انسٹی ٹیوٹ اور ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کی تحقیقی ٹیم نے زرعی تحقیقاتی و سہولتی کمپلیکس چاپو، بہاولپور کا دورہ کیا۔
وفد کی قیادت ڈائریکٹر نیشنل کاٹن بریڈنگ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر عثمان عزیز نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ ڈاکٹر عبدالرحمن (سینئر سائنسدان/لیکچرار) اور ڈاکٹر افتخار علی (لیکچرار، شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس) بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وفد نے ادارے کی نئی اور امید افزا کپاس کی اقسام IUB MK، IUB Green اور IUB Shahkar کے جاری ملٹی لوکیشن ایڈاپٹیبلٹی ٹرائلز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان اقسام کی بڑھوتری، بول سیٹنگ، پودوں کی صحت، برداشت کی صلاحیت اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ان آزمائشوں کا مقصد مختلف موسمی اور زمینی حالات میں نئی اقسام کی کارکردگی کا سائنسی بنیادوں پر تعین کرنا ہے تاکہ مستقبل میں کاشتکاروں کو زیادہ پیداواری اور معیاری اقسام فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر محترمہ حدیقہ نے وفد کو جاری تحقیقی تجربات، آزمائشی ڈیزائن، فصل کی موجودہ صورتحال، زرعی نظم و نسق، ابتدائی نتائج اور مختلف تحقیقی مشاہدات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے تحقیقاتی پلاٹس کا جائزہ لیتے ہوئے تحقیقی ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سائنسی اندازِ تحقیق کو سراہا۔
وفد نے اس بات پر زور دیا کہ کثیرالمقامی آزمائشیں کسی بھی نئی قسم کی منظوری اور کامیاب تجارتی کاشت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں، کیونکہ انہی کے ذریعے مختلف علاقوں میں فصل کی پیداوار، فائبر کے معیار اور موسمی حالات سے مطابقت کا درست اندازہ لگایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ تمام زرعی و تحقیقی مشاہدات، پیداوار، فائبر خصوصیات اور دیگر اہم ڈیٹا کو سائنسی معیار کے مطابق بروقت ریکارڈ کیا جائے تاکہ مستقبل کی تحقیق اور نئی اقسام کی رجسٹریشن میں معاونت حاصل ہو سکے۔
ڈاکٹر عثمان عزیز نے کہا کہ نیشنل کاٹن بریڈنگ انسٹی ٹیوٹ جدید بریڈنگ، بائیوٹیکنالوجی اور کثیرالمقامی آزمائشوں کے ذریعے ایسی کپاس کی اقسام تیار کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے جو زیادہ پیداوار، بہتر فائبر معیار، بیماریوں اور ماحولیاتی دباؤ کے خلاف بہتر برداشت کی حامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ کسانوں کو جدید اور پائیدار ٹیکنالوجی کی فراہمی کے ذریعے قومی کپاس کی پیداوار میں اضافے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
آخر میں وفد نے تحقیقاتی ٹیم کو ہدایت کی کہ جاری تجربات کو مزید مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے، ڈیٹا کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور ایسی جدید کپاس کی اقسام کی تیاری پر توجہ مرکوز رکھی جائے جو مستقبل میں پاکستان کے کاشتکاروں کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی ٹیکسٹائل صنعت کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکیں۔