لیہ (نیوز ڈیسک)لیہ بھکر روڈ پر 82 موڑ کے قریب تقریباً 40 ہزار لیٹر مٹی کے تیل سے لدا آئل ٹینکر ٹریکٹر ٹرالی کو اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ حادثے میں دو افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
حادثے کے باعث ٹینکر میں موجود تقریباً 25 ہزار لیٹر مٹی کا تیل سڑک پر پھیل گیا، جس سے علاقے میں خطرے کی صورتحال پیدا ہو گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر کروڑ لعل عیسن، ڈی ایس پی کروڑ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو و حفاظتی اقدامات شروع کر دیے۔ ریسکیو اہلکاروں نے حفاظتی اقدامات کے تحت آئل ٹینکر کی بیٹری منقطع کر کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ سڑک پر بہنے والے تیل پر مٹی ڈال کر آگ لگنے کے خدشے کو کم کیا گیا۔
باقی ماندہ تیل کو محفوظ طریقے سے منتقل کرنے کے لیے متبادل آئل ٹینکر محمود کوٹ سے روانہ کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔