بہاول پور (نیوز ڈیسک)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاول پور کے بورڈ آف گورنرز کا 235واں اجلاس چیئرمین بورڈ اشتیاق احمد گوندل کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں بورڈ آف گورنرز کے اراکین، سیکرٹری بورڈ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بورڈ کے انتظامی، مالی، امتحانی اور ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف ایجنڈا آئٹمز پر غور کے بعد ادارے کی کارکردگی کو مزید مؤثر، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے متعدد اہم انتظامی و ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران امتحانی نظام میں مزید شفافیت، طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی، بورڈ کے انفراسٹرکچر کی بہتری، مالی نظم و ضبط، انفارمیشن ٹیکنالوجی نظام کو مضبوط بنانے اور ادارہ جاتی کارکردگی میں مزید بہتری کے حوالے سے اہم امور پر اتفاقِ رائے کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ اشتیاق احمد گوندل نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز کی رہنمائی میں ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت، میرٹ، احتساب اور عوامی خدمت بورڈ کی اولین ترجیحات ہیں اور تمام فیصلے انہی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کو مزید مؤثر، قابلِ اعتماد اور جدید بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس کے اختتام پر بورڈ آف گورنرز کے اراکین نے بورڈ انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ادارے کی مزید ترقی، امتحانی نظام میں بہتری اور معیاری تعلیمی خدمات کے فروغ کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔