بہاولپور (نیوز ڈیسک) چیئرمین تعلیمی بورڈ بہاولپور اشتیاق احمد گوندل کی زیر صدارت میٹرک سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کے اجراء کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نتائج کی تیاری، تقریب کے انتظامات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نتائج کے بروقت، شفاف اور منظم اجراء کو یقینی بنانے کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، جبکہ متعلقہ افسران اور ملازمین کو ان کی ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں۔
چیئرمین بورڈ اشتیاق احمد گوندل نے ہدایت کی کہ تمام کمیٹیاں باہمی تعاون، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ میٹرک سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کے اجراء کا تمام عمل شفاف، منظم اور کامیاب انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ میٹرک سالانہ امتحان 2026 کا نتیجہ 6 اگست 2026 بروز جمعرات صبح 10 بجے جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نتائج کے اجراء سے قبل تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور ہر مرحلے پر درستگی، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ نتائج کے اجراء کے تمام مراحل خوش اسلوبی اور احسن انداز میں مکمل کیے جائیں گے۔