لودھراں (نیوز ڈیسک) گھریلو تشدد کے مقدمے میں بروقت تحفظ اور فوری قانونی کارروائی پر فلپائنی خاتون نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کیپٹن (ر) علی بن طارق سے ملاقات کرکے لودھراں پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور اظہارِ تشکر کیا۔
فلپائنی شہری روز میری نے ڈی پی او آفس میں ملاقات کے دوران کہا کہ لودھراں پولیس نے بروقت تحفظ فراہم کرکے انہیں خود کو محفوظ محسوس کرایا، جبکہ ان کی درخواست پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس پر وہ پنجاب پولیس کی شکر گزار ہیں۔
اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن (ر) علی بن طارق نے فلپائنی خاتون کو لودھراں پولیس کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔
ڈی پی او علی بن طارق نے کہا کہ شہری ہو یا غیر ملکی، ہر متاثرہ فرد کے جان و مال کے تحفظ اور بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس تمام غیر ملکی شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور انصاف کی بلاامتیاز فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔