بہاولپور(نیوز ڈیسک) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مکہ باہمی دفاعی معاہدے کی خوشی میں ڈرنگ سٹیڈیم بہاولپور میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر ڈاکٹر عائشہ خان، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اقراء مبین، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر حمزہ احتشام اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
تقریب میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات اور باہمی دفاعی معاہدے کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں، جبکہ باہمی دفاعی معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان اعتماد، یکجہتی اور دفاعی تعاون کی اہم علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ باہمی دفاعی تعاون کا مقصد تینوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ، باہمی اشتراک کو فروغ دینا اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات اور اس اہم دفاعی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خطے میں امن، استحکام اور باہمی یکجہتی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ تقریب کے شرکاء نے تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تعاون، یکجہتی اور مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب میں پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا جبکہ بچوں نے قومی نغمے پیش کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ شرکاء نے تینوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو خطے میں امن، استحکام اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دوستی، بھائی چارے اور باہمی تعاون کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دفاعی معاہدے کو تینوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔