بہاولپور (نیوز ڈیسک) جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ای خدمت مرکز بہاولپور میں منعقدہ پروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ای خدمت مرکز کو قومی پرچموں اور سبز ہلالی جھنڈیوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ کمشنر نے جشن آزادی کا کیک کاٹا اور ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کیلئے دعا کی۔ تقریب میں انچارج ای خدمت مرکز عبدالاحد گردیزی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اقراء مبین سمیت افسران و ملازمین نے شرکت کی۔
کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ای خدمت مرکز کے احاطے میں پودا لگا کر جشن آزادی شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بزرگوں کی لازوال قربانیوں، جدوجہد اور بے مثال عزم کا ثمر ہے، 14 اگست صرف جشن کا دن نہیں بلکہ تجدید عہد کا دن بھی ہے۔ آزادی کی خوشیوں کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کا عہد کرنا ہوگا اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کا فروغ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔ عوام کو بہترین، شفاف اور بروقت سرکاری سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ای خدمت مراکز عوام کو شفاف، بروقت اور آسان سرکاری خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بعدازاں کمشنر بہاولپور ڈویژن نے ای خدمت مرکز میں ای بزنس پنجاب کاؤنٹر کا معائنہ کیا اور شہریوں و کاروباری افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ ای بزنس پنجاب کے ذریعے کاروباری افراد کو کاروبار کے اندراج، این او سیز، لائسنسز اور مختلف اجازت ناموں سمیت متعدد خدمات ایک ہی جگہ فراہم کی جا رہی ہیں۔