لودھراں (نیوز ڈیسک) پولیس سروس آف پاکستان (PSP) سے تعلق رکھنے والی خاتون پولیس افسر بینش فاطمہ نے بطور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لودھراں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے یادگارِ شہداء پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
بعد ازاں ڈی پی او بینش فاطمہ نے دفتر میں تعینات افسران، برانچ انچارجز اور عملے سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت اور تحفظ کی علامت ہے، جبکہ میرٹ پر انصاف کی بروقت فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور انسدادِ جرائم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، ذمہ داری اور احسن انداز میں انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں اور پولیس ملازمین کے لیے ان کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں اور کسی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی پی او بینش فاطمہ نے کہا کہ تمام افسران و اہلکار ٹیم ورک کے جذبے کے تحت کام کریں، پولیس وردی کے وقار اور عزت کا خاص خیال رکھیں اور ملک، قوم اور محکمہ پولیس کی بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔