بہاولپور (نیوز ڈیسک) پنجاب کونسل آف دی آرٹس، بہاولپور ڈویژن کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کے موقع پر مختلف پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد قومی جذبے، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریبات کا آغاز پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا، جبکہ تصویری نمائش ’’روشنی کا سفر‘‘، ملی نغموں اور طلبہ و طالبات کے ٹیبلوز کا بھی اہتمام کیا گیا۔
نجی سکولوں کے طلبہ و طالبات نے ٹیبلوز کے ذریعے تحریکِ پاکستان، آزادی، قومی اتحاد، قربانی اور وطن سے محبت کے جذبات خوبصورت انداز میں اجاگر کیے۔ تقریب میں ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ملک اللہ بخش کلیار نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اتحاد، نظم و ضبط، باہمی احترام اور قومی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا، جبکہ نوجوان نسل ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
ماہر تعلیم شکیلہ خان بلوچ نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، ہمیں وطن کی ترقی اور استحکام کے لیے متحد ہوکر کردار ادا کرنا چاہیے۔ ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر ناصر حمید نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، جس کی قدر اور حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ بعد ازاں جشنِ آزادی اور بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 150ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹے گئے۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر زاہد اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سہیل کامران، سٹاف، طلبہ و طالبات، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور ڈویژن کے زیرِ اہتمام پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مابین طویل المدتی دفاعی شراکت داری ’’مکہ معاہدہ‘‘ کے حوالے سے بھی تقریب منعقد ہوئی۔ ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر حمید نے کہا کہ مکہ معاہدہ امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد، رواداری، باہمی احترام اور اخوت کا پیغام دیتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے دوستانہ و برادرانہ تعلقات کی علامت کے طور پر کیک کاٹا گیا۔