بہاولپور (نیوز ڈیسک) یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بینچ کے سبزہ زار میں پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سینئر جج مسٹر جسٹس احمد ندیم ارشد نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس احمد ندیم ارشد نے تحریکِ آزادی کے مشاہیر اور بانیانِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور آزادی کی قدر و منزلت، قیامِ پاکستان کے لیے دی گئی قربانیوں اور قومی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات اور رہنما اصولوں کی روشنی میں ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
تقریب کے شرکاء نے بھی ملکی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تقریب میں سینئر ایڈیشنل رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بینچ چوہدری اورنگزیب، صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور ثمینہ قریشی، جنرل سیکرٹری ثاقب طارق، ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل ظفر اقبال اعوان، پروٹوکول آفیسر شاہد اقبال لک، سیکیورٹی انچارج فیصل رفیق، وکلاء، افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔