بہاولپور (نیوز ڈیسک) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے کی بہتری، سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کو جدید بنانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے نواب سر صادق محمد خان عباسی ہسپتال بہاولپور کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی، ان سے فرداً فرداً ملاقات کرکے خیریت دریافت کی اور طبی سہولیات و علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حامد خان نے ڈپٹی سپیکر کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج معالجے کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ملک ظہیر اقبال چنڑ نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مریضوں میں فروٹ جبکہ بچوں میں جوس بھی تقسیم کیے۔
ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال، علاج معالجے کی سہولیات اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو ہسپتال میں بہترین ممکنہ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔