ملتان (نیوز ڈیسک)79ویں یومِ آزادیِ پاکستان کے موقع پر لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ کے سبزہ زار میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ کے سینئر جج مسٹر جسٹس خالد اسحاق نے قومی پرچم لہرایا۔
تقریب میں ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نصراللہ خان نیازی، صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان چوہدری عمر حیات، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ملتان ملک مسرور حیدر اعوان، لا آفیسرز، جنرل سیکرٹری ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان فیاض حسین گیلانی، سابق ممبر پنجاب بار مرزا عزیز اکبر بیگ، ممبران پنجاب بار کونسل ملک خان لغاری اور ندیم کانجو، سینئر ایڈووکیٹس چوہدری اشفاق احمد اور میاں محمد عباس، سابق صدر ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن محمد علی گیلانی، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، ہائی کورٹ کے افسران و ملازمین، پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر جسٹس خالد اسحاق نے تحریکِ آزادیِ پاکستان کے دوران دی جانے والی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا۔ وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں ادا کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنی صلاحیتوں اور کردار کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کریں گے اور اسے ایک عظیم سے عظیم تر ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
تقریب کے دوران پولیس کے چاک و چوبند دستے نے جسٹس خالد اسحاق کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام سمیت پوری قوم کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔