رپورٹ: ولی محمد
کراچی (نیوز ڈیسک) القلم فاؤنڈیشن اسکول میں یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک پروقار اور خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بچوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملی نغموں پر دلکش ٹیبلوز اور معنی خیز خاکے پیش کیے۔ سبز و سفید رنگوں میں ملبوس ننھے منے بچوں کی شاندار پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیے اور حاضرین کے دل جیت لیے۔ بچوں کی پرفارمنس کے ذریعے وطن سے محبت، قیامِ پاکستان کے مقصد اور ملک کی حفاظت کے جذبے کو اجاگر کیا گیا۔
14 اگست صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ ایک ایسی لازوال داستان کی یاد دہانی ہے جس کا باب ہمارے اسلاف نے اپنی بے مثال قربانیوں، جذبوں اور لازوال جدوجہد سے رقم کیا۔ یہی جذبہ جب نئی نسل بالخصوص معصوم بچوں کے دلوں میں موجزن نظر آتا ہے تو یہ احساس مزید مضبوط ہوتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ تقریب میں بچوں نے ملی نغموں پر دلکش ٹیبلوز اور معنی خیز خاکے پیش کیے۔ ان کا ہر ایک قدم، ہر ایک ادا اور اداکاری کا ہر انداز وطن سے محبت کے جذبے کی عکاسی کر رہا تھا۔ خاکوں اور ٹیبلوز کے ذریعے جس خوبصورتی سے قیامِ پاکستان کے مقصد اور اس کی حفاظت کا پیغام پیش کیا گیا، اسے وہاں موجود تمام حاضرین نے بے حد سراہا۔
کسی بھی ادارے کی کامیابی کے پیچھے بہترین قیادت اور مستعد ٹیم کی شب و روز کی محنت کارفرما ہوتی ہے۔ القلم فاؤنڈیشن اسکول کی پرنسپل مس سمرہ دانیال اور وائس پرنسپل مس جمیلہ تنویر مبارکباد کی مستحق ہیں، جن کی بہترین رہنمائی، کڑی نگرانی اور محنت کی بدولت بچوں نے اتنی عمدہ پرفارمنس پیش کی۔ ان کی کاوشوں سے واضح ہوتا ہے کہ وہ نہ صرف بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کر رہی ہیں بلکہ ان کی تربیت اس انداز میں بھی کر رہی ہیں کہ ان میں حب الوطنی کا جذبہ اجاگر ہو۔
اسی طرح اسکول کے دیگر تمام اساتذہ اور اسٹاف ممبران کی محنت بھی قابلِ تحسین رہی، جنہوں نے بیک اسٹیج رہ کر بچوں کی تیاری اور تقریب کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی اس لگن اور کاوشوں کو حاضرین نے سراہا اور دادِ تحسین سے نوازا۔
تعلیمی اداروں میں اس نوعیت کی پروقار تقریبات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ تقریبات بچوں میں اپنے اسلاف کی قربانیوں کا احساس پیدا کرتی ہیں اور انہیں یہ باور کراتی ہیں کہ پاکستان کتنی عظیم نعمت ہے۔ القلم فاؤنڈیشن اسکول نے اس شاندار تقریب کا انعقاد کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ نئی نسل کی ذہنی و فکری آبیاری کے ساتھ ساتھ ان میں حب الوطنی کے جذبے کو بھی فروغ دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔