بہاولپور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت اور ستھرا پنجاب وژن کے تحت بہاولپور میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے انسدادِ کوڑا کرکٹ اسکواڈ کے ورکرز میں ای بائیکس تقسیم کردی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے سبزہ زار میں منعقدہ تقریب میں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اسکواڈ کے اہلکاروں میں ای بائیکس کی چابیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بہاولپور کو ویسٹ فری بنانے کیلئے صفائی کے نظام کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔ انسدادِ کوڑا کرکٹ اسکواڈ پہلے مرحلے میں اہم تجارتی مراکز میں صفائی کی صورتحال کی نگرانی کرے گا اور فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسکواڈ کے اہلکار شہریوں اور دکانداروں کو آگاہی، رہنمائی اور ترغیب کے ذریعے صفائی کا شعور اجاگر کریں گے۔ صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے مؤثر انفورسمنٹ کے ساتھ مسلسل آگاہی بھی ضروری ہے۔ تاجروں کو صفائی کے نظام میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے اعتماد میں لیا جائے گا جبکہ انجمن تاجران کے نمائندگان سے خصوصی ملاقاتیں کرکے صفائی کے حکومتی پیغام کو اجاگر کیا جائے گا۔
کمشنر نے کہا کہ ہر دکاندار اپنے کاروباری مقام سے پیدا ہونے والے کوڑے کو اپنی ذمہ داری سمجھے اور شہری مقررہ کوڑا دان استعمال کرکے صفائی برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ انسدادِ کوڑا کرکٹ اسکواڈ کے اہلکار شہریوں اور دکانداروں سے مہذب اور شائستہ رویہ اپنائیں، کیونکہ صفائی ستھرائی ہر شہری اور فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے کہا کہ انسدادِ کوڑا کرکٹ اسکواڈ کے ذریعے بہاولپور میں صفائی اور عوامی آگاہی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ حکومتی اقدامات اور شہریوں کے تعاون سے بہاولپور کو صاف، خوبصورت اور ویسٹ فری شہر بنایا جائے گا۔