بہاولپور (نیوز ڈیسک) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی جاری کردہ سکیورٹی ایس او پیز اور ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب کی ہدایات پر اتوار کے روز ضلع بھر کی مسیحی عبادت گاہوں پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ عبادت گاہوں پر سینکڑوں پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو چیک کرنے، سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لینے اور ڈیوٹی کی حساسیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
پولیس افسران نے سکیورٹی اسکیننگ آلات کی تنصیب اور فعالیت، جامعہ تلاشی کے عمل اور دیگر حفاظتی اقدامات کا بھی معائنہ کیا۔ سول پارچات میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ معاون اداروں کے نمائندوں نے بھی عبادت گاہوں کے اطراف کے ماحول اور مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں سمیت مختلف مقامات پر مؤثر سنیپ چیکنگ بھی جاری رکھی گئی۔
ڈی پی او رانا عبدالوہاب نے ہدایت کی کہ ایس ایچ اوز اور پٹرولنگ افسران اقلیتی عبادت گاہوں کے اطراف مسلسل گشت کو یقینی بنائیں، مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کریں اور غیر متعلقہ افراد کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں مقیم اقلیتی برادری کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں عوام کی بڑی تعداد جمع ہوتی ہے وہاں سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد اور امن و امان برقرار رکھنا ناگزیر ہے، جبکہ مسیحی برادری سمیت تمام شہریوں کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔