بہاولپور (نیوز ڈیسک) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت سنگین معاشی، سیاسی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، صنعتوں کی بندش اور بلدیاتی نظام کی عدم موجودگی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جن کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
وہ ضلعی جنرل سیکرٹری بہاولپور رانا سیف اللہ کے ہمراہ بہاولپور پریس کلب (رجسٹرڈ) میں "میٹ دی پریس” سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ جمہوری روایات کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور پنجاب میں یونین کونسل کی سطح پر 30 فیصد انٹرا پارٹی انتخابات مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ مرحلوں میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں اور لیویز میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی بلند قیمتوں، بھاری ٹیکسوں اور کاروباری مشکلات کے باعث صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے صنعتوں کی بحالی، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی بنیاد ہیں، لہٰذا پنجاب سمیت ملک بھر میں شفاف اور بروقت بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تاکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں اور عوام کے مسائل مؤثر انداز میں حل ہو سکیں۔
اس موقع پر بہاولپور پریس کلب (رجسٹرڈ) کے صدر چوہدری محمد سلیم نے کہا کہ پریس کلب ہر سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعت کو اپنی پالیسی کے مطابق اظہارِ رائے کا مساوی حق فراہم کرتا ہے اور آزادیِ صحافت، جمہوری اقدار اور مثبت مکالمے کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ تقریب کے دوران صحافیوں نے مختلف قومی، سیاسی، معاشی اور تنظیمی امور پر سوالات کیے، جن کے ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے تفصیلی جوابات دیے۔ تقریب میں پریس کلب کے عہدیداران، سینئر صحافی، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندگان اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مقامی رہنما و کارکنان بھی موجود تھے۔