صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ سگیاں انڈسٹریل ایریا میں قائم صنعتوں کے مسائل کا فوری اور مستقل حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ایسی پالیسی کی اجازت نہیں دے گی جو صنعتی سرگرمیوں یا روزگار کو خطرے میں ڈالے۔
وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر ایسے قابل عمل حل تیار کیے جائیں تاکہ صنعتی یونٹس بلا رکاوٹ کام جاری رکھ سکیں۔
صنعتکاروں نے کہا کہ سگیاں میں تقریباً 1400 سے 1500 صنعتی یونٹس موجود ہیں، جن میں سے بیشتر RUDA کے قیام سے قبل قائم تھے۔ انہوں نے بھاری کنورژن چارجز اور کمرشلائزیشن فیس کی معطلی کا مطالبہ کیا اور سگیاں ایریا کو باضابطہ صنعتی زون قرار دینے کی تجویز دی۔
سارک چیمبر اور سابق لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے اس معاملے کو صنعتی پالیسی کے تسلسل کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پالیسیوں کے مطابق قائم کی گئی صنعتوں پر اضافی مالی بوجھ ڈالنا غیر منصفانہ ہے۔ اجلاس میں اتفاق ہوا کہ RUDA اور صنعتکاروں کے درمیان تنازعات کا حل مشاورت اور قانونی فریم ورک کے تحت جلد نکالا جائے گا تاکہ صنعتی ترقی اور روزگار کا تسلسل برقرار رہے۔