بہاولپور (نیوز ڈیسک)بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید ظفر شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور عوامی سطح پر معاشی دباؤ میں بھی اضافہ ہو گا۔
صدر بہاولپورچیمبر نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے نام مراسلے میں مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام الناس، کاروباری اداروں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو درپیش گھمبیر مسائل کے پیش نظر فی الفور واپس لیا جائے۔
سید ظفر شریف نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے منفی اثرات کاروباری لاگت، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ، جبکہ دیگر ترسیلی اخراجات میں نمایاں اضافے کی صورت میں سامنے آئے ہیں، جس کے نتیجے میں اشیاء و خدمات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے کاروباری برادری اور عوام الناس دونوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔ ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی، زرعی شعبے کی سست یا منفی شرح نمو، غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی اور تجارتی گراوٹ جیسے مسائل بڑی صنعتوں کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔
صدر چیمبر نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مہنگائی کے ایک شدید طوفان کو جنم دے سکتا ہے، جو نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرے گا بلکہ عوامی سطح پر بھی معاشی دباؤ میں مزید اضافہ کرے گا۔
انہوں نے وزیر اعظم پاکستان سے پُرزور مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے تاکہ کاروباری برادری، تاجر، ٹرانسپورٹرز اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور معیشت کو مزید دباؤ سے بچایا جا سکے۔