لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) نے ویمنز کرکٹرز کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ٹرائلز کا اعلان کر دیا ہے۔پی سی بی ترجمان کے مطابق انڈر 19 اور ایمرجنگ ویمنز کرکٹرز کے ٹرائلز 14 اپریل سے یکم مئی تک ملک کے 9 مختلف شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔
ٹرائلز کا آغاز 14 اپریل کو فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم سے ہوگا جبکہ 15 اپریل کو لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔16 اپریل کو پشاور کے عمران خان سٹیڈیم میں ٹرائلز ہوں گے جبکہ 17 اپریل کو ایبٹ آباد میں بھی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔
دوسرے مرحلے کا آغاز 21 اپریل کو ملتان کے انضمام الحق پرفارمنس سینٹر سے ہوگا، جبکہ 23 اپریل کو بہاولپور کے ویمن سپورٹس سٹیڈیم میں ٹرائلز شیڈول ہیں۔27 اپریل کو کوئٹہ کے بگٹی سٹیڈیم میں کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ دیکھا جائے گا جبکہ 30 اپریل کو کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹرائلز ہوں گے۔ اس پروگرام کا اختتام یکم مئی کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق انڈر 19 کیٹیگری کے لئے یکم ستمبر 2007 یا اس کے بعد پیدا ہونے والی کھلاڑی اہل ہوں گی جبکہ کم از کم عمر 12 سال مقرر کی گئی ہے۔
ایمرجنگ کیٹیگری کے لئے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔منتخب کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل اسائنمنٹس کے لئے ڈیولپمنٹ پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ ٹرائلز کی نگرانی سابق ویمن کرکٹر بتول فاطمہ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق کریں گے۔تمام کھلاڑیوں کے لئے ضروری قرار دیا گیا ہے کہ وہ ٹرائلز کے وقت ب فارم، شناختی کارڈ یا نادرا کا جاری کردہ برتھ سرٹیفکیٹ ساتھ لائیں، جبکہ خواہشمند کھلاڑیوں کو ٹرائلز میں شرکت کے لئے پیشگی رجسٹریشن بھی کرانا ہوگی۔