بہاولپور(نیوز ڈیسک)بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید ظفر شریف، سینئر نائب صدر ملک سجاد احمد علوی، نائب صدر محمد اعظم قریشی اور اراکین ایگزیکٹو کمیٹی نے امریکہ اسرائیل اور ایران کے مابین دو ہفتے کے لیے جنگ بندی کے لیے پاکستان کی مثبت کوششوں کو سراہا ہے اور انہوں نے اس جنگ بندی میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کے اہم اور مثبت کردار کو سراہا ہے۔
صدر چیمبر نے کہا کہ جنگ بندی کے لیے کیے جانے والے پاکستانی اقدامات اس بات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں کہ مسائل کا حل صرف سفارتی اور سیاسی ذرائع سے ہی نکالا جا سکتاہے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پاکستان کے تعمیری کردار کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو بحال کرنا ہے۔
صدر چیمبر نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی مثبت اور تعمیری کوششیں نے جنگ کو خطر ناک اور نازک مرحلے میں پہنچنے سے روکنے کے لیے اہم کردار ادا کیا گیا ہے جس کی بدولت مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام ممکن ہوسکا ہے کیونکہ اگر ایسا نہ کیا جاتا تو ممکن ہے کہ بہت زیادہ انسانی جانوں کی ہلاکت کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچتا جس کا ازالہ تا دیر ممکن نہیں تھا۔
صدر چیمبرنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قوی امید ہے کہ عالمی سطح پر امن کے ساتھ ساتھ دیگر معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے لہذا پاکستانی حکومت کو چاہیے کہ ملک میں جو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے اسے فی الفور ختم کیا جائے،اسی طرح عالمی سطح پر بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی ہو گئی ہے، اس تناظر کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ مہنگائی کا زور کم ہوسکے اور عوام کو ریلیف حاصل ہو۔