بہاولپور(نیوزڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔ آج ملک میں مظلوم غیر محفوظ ہیں جبکہ ظالم دندناتے پھر رہے ہیں، پولیس اور عدالتی نظام میں بدعنوانی عام ہو چکی ہے کرپشن ہر سطح پر بالا دست ہو چکی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کو گمان تھا کہ وہ ایران میں حکومت کا تختہ الٹ دیں گے، مگر ایرانی قیادت کی جڑیں عوام میں مضبوط ہیں اور قوم کے اتحاد نے ان کے عزائم ناکام بنا دئیے۔ اوچشریف کے علاقے بیٹ بختیاری کے رہائشی 15 سالہ عرفان بلوچ کو کراچی پولیس کی ظلم و بربریت کا شکار ہوا جس کیخلاف جماعت اسلامی ہر سطح پر قانونی جنگ لڑے گی اور مظلوم خاندان کو انصاف دلایا جائیگا۔
وہ بیٹ بختیاری میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔تعزیتی ریفرنس میں ضلعی امیر نصراللہ خان ناصر، مقامی عمائدین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے کراچی پولیس تشدد سے جاں بحق اوچ شریف کے عرفان بلوچ کا گھر تعمیر کر دیا۔عرفان بلوچ کا گھر حالیہ سیلاب میں تباہ ہوگیا تھا، جسے بعد ازاں الخدمت فاؤنڈیشن نے دوبارہ تعمیر کیا۔لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سامراجی قوتوں کے خلاف اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کی جدوجہد کرنے والوں کو مسلط اشرافیہ کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام میں موجود استعمار کے آلہ کار فرقہ واریت کو ہوا دے کر امت کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، مگر جماعت اسلامی دین کا حقیقی پیغام عام کر رہی ہے اور انسان کو انسان کی غلامی سے نجات دلانے کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔
لیاقت بلوچ نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کراچی میں عرفان بلوچ کے قتل کا مقدمہ لڑے گی اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ملک میں سیاسی و معاشی عدم استحکام بڑھتا جا رہا ہے۔
ضلعی امیر نصراللہ خان ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرفان بلوچ کے خاندان کے ساتھ کیا گیا وعدہ آج پورا کر دیا گیا ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن نے ان کا گھر دوبارہ تعمیر کر کے انسانیت کی خدمت کی روشن مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتی رہے گی۔نصراللہ خان ناصر نے کہا کہ عرفان بلوچ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور انصاف کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی ناانصافیوں کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ ایک ایسا نظام قائم کیا جائے جو حقیقی معنوں میں عدل و انصاف فراہم کرے۔
اس موقع پر متاثرہ لڑکی اقراء شفیق نے بھی اپنا مقدمہ پیش کیا جبکہ عرفان بلوچ کے والد رمضان بلوچ نے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا اور ان کے گھر کی تعمیر ممکن بنائی۔تعزیتی ریفرنس سے مخدوم ناصر بخاری، طاہر منظور ایڈووکیٹ، حافظ یوسف سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور عرفان بلوچ کیلئے انصاف کا مطالبہ کیا۔