بہاول پور (نیوز ڈیسک) ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور کی صدر ثمینہ قریشی ایڈووکیٹ نے ایران، امریکہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے تناظر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی امن پسند سفارتکاری اور دانشمندانہ حکمتِ عملی کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے بروقت اور مدبرانہ اقدامات نے عالمی کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ثمینہ قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر مثبت کردار ادا کیا ہے جو عالمی برادری کے لیے قابلِ تحسین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے عالمی امن، استحکام اور باہمی احترام کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرتا رہا ہے اور حالیہ بین الاقوامی کشیدگی کے موقع پر بھی اسی پالیسی کو برقرار رکھا گیا ہے۔
صدر ہائیکورٹ بار نے امید ظاہر کی کہ عالمی طاقتیں پاکستان کی مثبت کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تنازعات کے حل کے لیے پرامن ذرائع کو ترجیح دیں گی تاکہ دنیا کو جنگ کی تباہ کاریوں سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ موجودہ حالات میں عالمی برادری کو سنجیدگی اور دانائی سے کام لیتے ہوئے مکالمے اور سفارتکاری کو فروغ دینا ہوگا تاکہ پائیدار اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکے۔