بہاول پور (نیوز ڈیسک) فارمرز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے پراجیکٹ منیجر علی اعجاز، زاہدہ سراج، سلیم احمد اور عزیر احمد جبکہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر و بیت المال بہاولپور کے وفد نے عباسیہ کیمپس میں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، چیئرمین شعبہ سوشل ورک پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا، رجسٹرار محمد شجیع الرحمن، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد، ایگزیکٹو سیکرٹری ڈاکٹر محمد خالد شیخ اور اسٹاف آفیسر ٹو وائس چانسلر وسیم احمد صدیقی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران چیئرمین شعبہ سوشل ورک پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں فارمرز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن، برٹش کونسل پاکستان اور واٹر ایڈ پاکستان کے اشتراک سے جاری پاکستان یوتھ لیڈر شپ انیشیٹو پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف شعبہ جات کے 1,120 طلباء کو 28 گروپوں میں تقسیم کیا گیا اور شعبہ سوشل ورک کے چار فیکلٹی ممبران نے بطور ٹرینر ہر گروپ کے لیے چار روزہ سرگرمی پر مبنی تربیتی سیشنز منعقد کیے۔
انہوں نے کہا کہ تربیتی سیشنز میں موسمیاتی تبدیلی کے تصورات، وجوہات، پس منظر اور اثرات کا احاطہ کیا گیا اور انہیں پانچ اہم موضوعات سے جوڑا گیا جن میں ٹھوس فضلہ مینجمنٹ، قابلِ تجدید توانائی، پانی کا تحفظ، موسمیاتی تعلیم اور شجرکاری شامل ہیں۔ تربیت مکمل کرنے والے طلباء کو سرٹیفکیٹس دیے گئے جبکہ ان موضوعات پر مبنی عملی ماڈلز بھی تیار کروائے گئے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے فارمرز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن، برٹش کونسل، واٹر ایڈ اور شعبہ سوشل ورک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نوجوانوں کو موسمیاتی لچک اور ماحول دوست سرگرمیوں میں مؤثر انداز میں شامل کر رہے ہیں اور پاکستان کے پائیدار مستقبل میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ملاقات کے بعد وائس چانسلر نے وفد اور فیکلٹی ممبران کے ہمراہ عباسیہ کیمپس میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔
بعد ازاں خواجہ فرید آڈیٹوریم بغداد الجدید کیمپس میں شعبہ سوشل ورک، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور فارمرز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے ماڈل نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق 30 سے زائد ماڈلز یونیورسٹی کے مختلف طلباء گروپس کی جانب سے پیش کیے گئے۔ گورنمنٹ وومن ٹیکنالوجی کالج بہاولپور کی طالبات نے بھی شرکت کی اور اپنے ماڈلز پیش کیے۔
نمائش میں مہمان خصوصی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی سمیت مختلف شعبہ جات کے چیئرمینز اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ شرکاء نے طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں، اختراعات اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے متعلق عملی آگاہی کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر بغداد کیمپس میں شجرکاری مہم کا بھی انعقاد کیا گیا۔ فارمرز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے علی اعجاز نے پراجیکٹ کے کامیاب عمل درآمد اور تعاون پر یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ یونیورسٹی کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے تمام مہمانوں، طلباء اور شراکت دار اداروں کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔