بہاولپور (نیوز ڈیسک) اوچ شریف کے علاقے شمس باغ میں مبینہ فوڈ پوائزننگ کے باعث دو بچوں سمیت ان کے والد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک کمسن بچہ تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔
تفصیلات کے مطابق 40 سالہ انوار الحق اور ان کے بچے 5 سالہ احتشام، 3 سالہ جائشہ اور 1 سالہ راحیم نے مبینہ طور پر تربوز کھانے کے بعد دودھ پیا، جس کے بعد ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام متاثرہ افراد کو فوری طور پربہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو بچے احتشام اور جائشہ دم توڑ گئے، جبکہ بعد ازاں والد انوار الحق بھی دورانِ علاج جان کی بازی ہارگیا جبکہ 1 سالہ راحیم کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کا نوٹس ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے لیتے ہوئے ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد مگسی کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کو موقع پر روانہ کر دیا ہے۔ ٹیموں نے دودھ کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوا دیے ہیں۔