بہاولپور (نیوز ڈیسک)معرکہ حق "بنیان المرصوص” کی تقریبات کے سلسلے میں خواجہ فرید کیمپس اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں "پاکستان ہمیشہ زندہ باد” ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کی۔
اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف فارمیسی اور فیکلٹی آف میڈیسن اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر قیصر جبیں، مختلف شعبہ جات کے اساتذہ کرام اور تین ہزار طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار واقعہ ہے جو ملکی دفاع، ترقی اور خوشحالی میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں پاکستانی قوم نے مسلح افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر پانچ گنا بڑے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
پروفیسر ڈاکٹر قیصر جبیں نے اس موقع پر کہا کہ معرکہ حق نے نوجوانوں میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کیا ہے اور خواجہ فرید کیمپس کے طلبہ و طالبات وائس چانسلر کی قیادت میں پندرہ روزہ تقریبات جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔
ریلی کے شرکاء نے باآواز بلند قومی نعرے لگائے اور وطن عزیز سے وفاداری کے عزم کا اظہار کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں شاندار کامیابی کے بعد دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا اور پاکستان کا نام روشن ہوا ہے۔