بہاولپور (نیوز ڈیسک)نرسنگ کے عالمی دن کے موقع پر نواب سر صادق عباسی ہسپتال بہاولپور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد نرسنگ کے شعبہ سے وابستہ افراد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور مریضوں کی دیکھ بھال میں نرسز کے کردار کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حامد خان،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ میڈم رقیہ اورپرنسپل سکول آف نرسنگ بہاول وکٹوریہ ہسپتال میڈم نفیسہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ ہیڈ نرسز، نرسز اور نرسنگ اسٹاف کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حامد خان نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ دکھی انسانیت کی خدمت کا ایک مضبوط اور ناگزیر ستون ہے، جہاں نرسز اپنی پیشہ ورانہ مہارت، خلوص اور جذبہ خدمت کے ذریعے مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کو یقینی بناتی ہیں اور صحت کے نظام کو مضبوط بناتی ہیں۔
پرنسپل سکول آف نرسنگ میڈم نفیسہ نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ خدمت انسانیت کا ایک مقدس راستہ ہے، جہاں نوجوان نرسز جدید تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور انسانیت کی خدمت کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ یہ شعبہ مستقبل میں صحت کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
نرسنگ سپرنٹنڈنٹ میڈم رقیہ نے کہا کہ نرسنگ ایک مقدس اور باوقار پیشہ ہے جس میں خدمت، صبر اور ہمدردی بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ نرسز دن رات مریضوں کی خدمت میں مصروف رہ کر نہ صرف علاج فراہم کرتی ہیں بلکہ اپنے حسنِ سلوک سے مریضوں کو حوصلہ اور سہارا بھی دیتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔