بہاولپور (نیوز ڈیسک) معروف ادیب، شاعر، کالم نگار، اینکر اور کرکٹر انعام الحق راشد کی دوسری برسی کے موقع پر بہاولپور پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
لٹریری کمیٹی بہاولپور پریس کلب اور ادراک فورم کے زیر اہتمام منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں سابق میئر عقیل نجم ہاشمی، ایڈیشنل کمشنر نیر مصطفیٰ، سابق ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی سمیت مختلف مکاتب فکر کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
تعزیتی ریفرنس میں شرکاء نے مرحوم کی علمی، ادبی اور سماجی خدمات پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ انعام الحق راشد نے اپنے قلم کے ذریعے معاشرتی مسائل کو اجاگر کیا اور ہمیشہ معاشرے کے مثبت پہلوؤں کو فروغ دیا۔
سابق میئر عقیل نجم ہاشمی نے کہا کہ انعام الحق راشد نے اپنے قلم کے جہاد کا حق ادا کیا جبکہ ایڈیشنل کمشنر نیر مصطفیٰ نے انہیں ایک باکردار اور معاشرے کے لیے کارآمد شخصیت قرار دیا۔
سابق جنرل سیکرٹری بہاولپور پریس کلب راحیل طاہر نے کہا کہ انعام الحق راشد نے خطے کے مسائل کو اجاگر کیا۔ راجہ شفقت محمود اور انور گریوال نے انعام الحق راشد کو ایک ہمہ جہت شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
تقریب میں معروف قانون دان و کرکٹر فوزالکبیر، سابق صدر پریس کلب نصیر احمد ناصر، ڈاکٹر رضوان اشرف، ذیشان لطیف، فیض رسول ہاشمی، بلال چغتائی، مہر ناصر سیال، عبد الخالق قریشی، صادق ارشد، وسیم طاہر، افضال الرحمن ہاشمی، رانا محبوب، عبد الفقار گیلانی، اختر شاہ، نسرین انور، احسان اللہ راحت، اطہر اعوان، عمران بھنڈر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
مقررین نے کہا کہ انعام الحق راشد بحیثیت شاعر، ادیب، کالم نگار اور اینکر پرسن مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دیتے رہے۔ ان کی تحریریں معاشرتی اصلاح میں اہم کردار ادا کرتی رہیں جبکہ ان کی شاعری منفرد اسلوب کی حامل تھی۔ انہوں نے بہاولپور کی نمائندگی کرتے ہوئے انٹرنیشنل، نیشنل اور کانٹیز کرکٹ بھی کھیلی۔
تقریب کے اختتام پر ادراک فورم اور لٹریری کمیٹی پریس کلب بہاولپور کی جانب سے انعام الحق راشد کی خدمات کے اعتراف میں ان کے اہلِ خانہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔